ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسپیکر الیکشن میں شندے خیمہ کی فتح، آج فلورٹیسٹ ۔ باغی گروپ کے حوصلے بلند،دونوں خیموں نے وہپ جاری کی

اسپیکر الیکشن میں شندے خیمہ کی فتح، آج فلورٹیسٹ ۔ باغی گروپ کے حوصلے بلند،دونوں خیموں نے وہپ جاری کی

Mon, 04 Jul 2022 10:46:47    S.O. News Service

ممبئی، 4؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) حکومت سازی کے بعد اتوار کو خصوصی اجلاس کے پہلے دن  ایکناتھ شندے گروپ نے   توقع کے عین مطابق  اسپیکر الیکشن میں بازی مار لی اور اس بات کا واضح اشارہ دے دیا کہ پیر کو وہ  آسانی  سےاسمبلی میں اپنی اکثریت بھی ثابت کر دے گی۔    بی جے پی اور شندے گروپ کے امیدوار ایڈوکیٹ راہل نارویکر(۴۵؍ سال ) کومہاراشٹر اسمبلی کا اسپیکر منتخب کرلیاگیا۔ان کے حق میں ۱۶۴؍ ووٹ پڑے جبکہ شیوسینا کے امیدوار راجن سالوی کو ۱۰۷؍    ووٹوں   پر اکتفا کرنا پڑا۔  واضح رہے کہ گزشتہ سال کانگریس لیڈر نانا پٹولے کے استعفیٰ  کے بعد  سے مہاراشٹر اسمبلی میں  اسپیکر کا عہدہ خالی تھا  اور بار بار کی درخواست کے باوجود گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے الیکشن  کے انعقاد کی اجازت نہیں دی مگر نئی حکومت بنتے ہی  انہوں نے اجازت دیدی۔ 

 اسپیکر کے انتخاب میں شرکت کیلئے شیوسینا کے باغی  اور  ایکناتھ شندے کے حامی   اراکین اسمبلی کو سخت پولیس بندوبست میں ودھان بھون لایا  گیا۔ اجلاس کے بعد شیوسینا لیڈر اور سابق وزیر آدتیہ ٹھاکرے نےا س پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اتنی سیکوریٹی تو قصاب کو بھی نہیں دی گئی تھی۔ ممبئی میں ہم نے اس سے پہلے ایسی سیکوریٹی کبھی نہیں دیکھی۔‘‘ انہوں نے سوال کیا کہ ’’آپ اتنے ڈرے ہوئے کیوں ہیں؟کیا کوئی بھاگ جائےگا؟ اتنا خوف آخر کیوں؟‘‘ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ  ایکناتھ شندے کو  پیرکو اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنی ہے۔ اسپیکر الیکشن میں ان کے   امیدوار کو ۱۶۴؍ اراکین کے ووٹ ملے  ہیں جس سے یہ واضح ہے کہ فلور ٹیسٹ میں ان کی فتح آسان ہے مگر یہ خوف اب بھی برقرار رہے کہ باغی اراکین  میں  سے کچھ اُ دھو خیمے میں لوٹ نہ جائیں،اس لئے انہیں سخت سیکوریٹی میں رکھاگیاہے۔ 

  اسپیکر کے انتخاب سے قبل   شیوسینا  کے چیف وہپ سنیل  پربھو  نے جہاں پارٹی کے امیدوار  راجن  سالوی کے حق میں ووٹنگ کیلئے وہپ جاری کیا تو دوسری جانب شندے گروپ کے چیف وہپ  نے نارویکر کے حق میں وہپ جاری کیا۔ ووٹنگ  کے بعد سنیل پربھو نے  بتایاکہ ’’ اسپیکر کے انتخاب کے تعلق سے شیو سینا نے جو وہپ جاری کیا تھا ، ۳۹؍ اراکین اسمبلی نے اس  کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس تعلق سے شیو سینا کے گروپ لیڈر اجے چودھری نے ڈپٹی  اسپیکر  سےشکایت کی  ہے۔ ‘‘  انہوں نے مزید کہا کہ ’’ وہپ نہ ماننے والے ۱۲؍ اراکین اسمبلی کو معطل کرنے کا معاملہ سپریم کورٹ میں  زیر سماعت ہے۔ہمیں یقین ہے کہ ۱۱؍ جولائی کو سپریم کورٹ  کا فیصلہ ہمارے حق میں  آئے گا ۔‘‘ 

  اسپیکر کا انتخاب ہونے کےبعد جب نئے اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر نے عہدہ سنبھال لیا تو ایکناتھ شندے گروپ کی جانب سے انہیں تحریری شکایت دی گئی کہ شیو سینا کے اراکین اسمبلی نے ان کی وہپ کے خلاف ورزی کی ہے۔ ایکناتھ شندے گروپ کا دعویٰ ہے کہ اصل شیوسینا وہ ہے۔ نو منتخب اسپیکر کاخیر مقدم کرتے ہوئے ایکناتھ شندے گروپ کے  چیف وہپ  دیپک کیسرکر نے کہا کہ چونکہ شیو سینا کےاراکین کی  اکثریت کی  حمایت ہمیں حاصل  ہے اور ہمارے پاس( شیوسینا کے ۵۵؍ میں سے)  ۳۹؍ اراکین اسمبلی ہیں اس لئے   ہمارا  وہپ ہاؤس میں نافذ ہوتا ہے۔

 ایڈوکیٹ راہل نارویکر کی تقرری پر انہیں  مبارکباد پیش کرنے کے بعد  نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے  بتایاکہ ’’ ایڈوکیٹ راہل نارویکر مہاراشٹر ہی نہیں بلکہ ملک میں اسمبلی کے سب سے کم عمر اسپیکر بن گئے ہیں۔ چونکہ وہ ایک قابل ایڈوکیٹ بھی ہیں اس لئے قانون اور آئین سے وہ بخوبی واقف ہیں اور امید ہے کہ وہ بہترین انداز میں اسمبلی کی کارروائی چلائیں گے ۔


Share: